مشکل بجٹ پیش کرنے جارہے ہیں، مشیر خزانہ

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ کورونا کی صورتحال میں مشکل بجٹ پیش کرنے جارہے ہیں۔

تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کو بریفنگ میں مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود بہتر بجٹ پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثر ہونے والوں کو بجٹ میں ریلیف دینا ہے اور ایسا ریلیف دینا چاہتے ہیں جس سے عام آدمی کو روزگار، خوراک میں ریلیف مل سکے۔

دوسری جانب وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ آئی ایم ایف کی سفارشات کی روشنی میں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی بجٹ میں ٹیکس آمدن بڑھانے کی آئی ایم ایف شرائط کو شامل کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس اہداف سے متعلق آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں، بجٹ خسارہ اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کے اہداف آئی ایم ایف کی سفارشات کے مطابق مقرر کیے جائیں گے۔