11 جون ، 2020
امریکی خاتون سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
سنتھیا ڈی رچی نے ناصر عظیم خان ایڈووکیٹ کے ذریعے لیگل نوٹس سابق وزیراعظم کو بھجوایا۔
سنتھیا رچی نے اپنے نوٹس میں لکھا کہ یوسف رضا گیلانی نے 2011 میں رحمان ملک کے ساتھ مل کر ہراساں کیا، یوسف گیلانی نے ہراساں کیا اور اب جھوٹے الزامات سے ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے۔
امریکی خاتون نے کہا کہ مجھے قومی اور بین الاقوامی سطح پر بدنام کیا گیا، یوسف رضا گیلانی اپنے الزامات پر معافی مانگیں اور 12 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کریں۔
سنتھیا رچی نے لیگل نوٹس میں مزید کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے 14 روز میں اپنے الزامات پر معافی نا مانگی تو قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 10 سال سے مقیم امریکی خاتون سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ رحمان ملک نے 2011 میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جب کہ یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی مخدوم شہاب الدین نے دست درازی کی۔
سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے سنتھیا رچی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے 50 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھی بھجوا رکھا ہے جب کہ سنتھیا رچی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے بھی وزارت داخلہ کو درخواست موصول ہو چکی ہے۔