Time 12 جون ، 2020
انٹرٹینمنٹ

گوہر رشید اور فریال محمود 'لاک ڈاؤن' کی شوٹنگ میں مصروف

فائل فوٹو

عالمگیر وبا کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب کیے تو وہیں وبا کی وجہ سے ہالی وڈ، بالی وڈ اور لالی وڈ انڈسٹری بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے عوام کو سماجی دوری اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور اسی ضمن میں دنیا بھر میں تھیٹرز اور سینما گھر بند ہیں جس کے باعث شائقین  آن لائن اسٹریمنگ سائٹس پر ہی فلمیں دیکھنے پرمجبور ہیں۔

دوسری جانب اس خطرناک وبا کی وجہ سے متعدد فلموں کی شوٹنگ بھی متاثر ہوئی ہے لیکن اب ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے فلموں اور ڈراموں کی شوٹنگ کا  آغاز ہو گیا ہے۔

دنیا بھر کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی جانب سے متعدد ایسے اسکرپٹس پر کام کیا جارہا ہے جن کا تعلق کورونا وائرس سے ہے اور اب پاکستانی اداکارہ فریال محمود اور اداکار گوہر رشید بھی ایک ایسی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کی کہانی کووڈ-19 پر مبنی ہے۔

گوہر رشید اور فریال محمود کی اس فلم کا نام 'لاک ڈاؤن ' ہے جس کی کہانی ایک رومانوی جوڑے کے گرد گھومتی ہے جو کہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی صورتحال کی وجہ سے متاثر ہوتا ہے۔

فلم کی شوٹنگ کا آغا زکیا جا چکا ہے اور اس میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے جوڑے کی زندگی پر پڑنے والے اثرات کو دکھایا گیا ہے جب کہ فلم کی ریلیز کی حوالے سے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

اداکارہ فریال محمود نے بتایا کہ فلم 'لاک ڈاؤن' نیٹ فلکس یا ایمازون پرائم پر ریلیز کی جائے گی۔

'لاک ڈاؤن' کی کہانی عابدہ احمد اور ابو علیحہ نے لکھی ہے جب کہ فلم کے ہدایت کار بھی ابو علیحہ ہی ہیں۔

مزید خبریں :