12 جون ، 2020
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی کرکٹرز کے وسیع اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں سابق کپتان سرفراز احمد کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے جس میں سینٹرل کنٹریکٹ اور ایمرجنگ کیٹگری کے 20 کھلاڑی شامل ہیں۔
دورہ انگلینڈ کے دوران ٹیسٹ سیریز کی کپتانی اظہر علی کریں گے جب کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہوں گے۔
دورے کے لیے ہیڈ کوچ مصباح الحق کے علاوہ بیٹنگ کوچ یونس خان اور اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد ہوں گے جب کہ عبدالمجید کو گرانٹ بریڈ برن کی جگہ فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف 14 رکنی ٹیم مینجمنٹ کا اعلان بھی کیا گیا ہے جس میں سرفراز احمد کی واپسی ہوئی ہے۔
14 رکنی ٹیم میں فواد عالم، شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض، عابد علی، فخر زمان، شان مسعود، امام الحق، اسد شفیق، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عمران خان اور کاشف بھٹی بھی شامل ہیں۔
ان کے علاوہ افتخار احمد، محمد رضوان، حارث رؤف اور محمد عباس بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں جب کہ پاکستان انڈر 19 کے حیدر علی بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
اسکواڈ میں چار ریزرو کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جس میں بلال آصف، محمد نواز، محمد موسیٰ اور عمران بٹ شامل ہیں۔
حارث سہیل کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر سیریز سے دستبردار ہو چکے ہیں جب کہ فاسٹ بولر محمد عامر نے نجی مصروفیت کے باعث انگلیند نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انگلینڈ روانگی سے قبل کرکٹرز کے کووڈ 19 کے ٹیسٹ 20 اور 25 جون کو ہوں گے۔