محمد عامر اور حارث سہیل نے دورہ انگلینڈ سے معذرت کرلی

پاکستانی کرکٹرز محمد عامر اور حارث سہیل نے دورہ انگلینڈ سے معذرت کرلی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر اور بلے باز حارث سہیل نے انگلینڈ جانے سے معذرت کی ہے۔

پی سی بی کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے  نجی وجوہات کی بناء پر دورہ انگلینڈ پر روانگی کے لیے اپنی دستیابی ظاہر نہیں کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق فاسٹ بولر محمد عامر نے اگست میں اپنے بچے کی پیدائش جب کہ حارث سہیل نے گھریلو وجوہات کی بناء پر انگلینڈ نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز اگست اور ستمبر میں کھیلی جائے گی جس کے لیے پاکستان 28 کھلاڑیوں اور 14 پلیئر سپورٹ اسٹاف کو انگلینڈ بھیجے گا۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان جلد کردیا جائے گا جب کہ پاکستانی کرکٹرز کو فیملی انگلینڈ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ 

رپورٹ کے پاکستان ٹیم پہلے ٹیسٹ سے کم از کم دو ہفتے پہلے انگلینڈ پہنچے گی اور کم از کم 10 روز قرنطینہ میں بھی رہے گی۔

قرنطینہ میں رہنے کی مدت کا فیصلہ مقامی شعبہ ہیلتھ کی ہدایات کے مطابق ہوگا، اس کے علاوہ اسکواڈ کو خصوصی پرواز سے بھی انگلینڈ لے جانے کی تجویز ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ  بورڈ کسی کھلاڑی کو زبردستی دورے پر جانے کو نہیں کہےگا یہ کھلاڑیوں کا اختیار ہوگا کہ وہ انگلینڈ جانے یا نہ جانے پر اپنا فیصلہ کریں۔

مزید خبریں :