12 جون ، 2020
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 21-2020 کے بجٹ میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے لیے مختص رقم میں بھی اضافہ کردیا۔
بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں نیب کے لیے 5 ارب 8 کروڑ 10 لاکھ مختص کیے گئے ہیں۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 20-2019 کے بجٹ میں نیب کے لیے 4 ارب 42 کروڑ رکھے گئے تھے۔
خیال رہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے نیب پر حکومت کے ساتھ مل کر انتقامی کارروائیوں کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔
وفاقی حکومت نے مالی سال 21-2020 کے لیے 71 کھرب 37 ارب روپے کا وفاقی بجٹ پیش کیا ہے جس میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ کا کل حجم 71 کھرب 37 ارب روپے ہے جس میں حکومتی آمدنی کا تخمینہ فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کی جانب سے محصولات کی صورت میں 4963 ارب روپے اور نان ٹیکس آمدنی کی مد میں 1610 ارب روپے رکھا گیا ہے۔