بسمہ معروف ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار، سینٹرل کنٹریکٹ ملنے پر کھلاڑی خوش اور متحرک

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں کپتان برقرار  رکھ کر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گی۔ 

‏پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حال ہی میں ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا، پی سی بی کی جانب سے 9 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے جب کہ پہلی مرتبہ 9 ہی کھلاڑیوں پر مشتمل ایمرجنگ کٹگری بھی متعارف کرائی گئی ہے۔

‏سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والی اے ،بی اور سی کٹگری کی کھلاڑیوں کے ماہانہ ریٹینر شپ میں بالترتیب 33، 30 اور 25 فیصد اضافہ بھی کیا گیا ہے جب کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف کو اگلے سیزن کے لیے کپتان بھی برقرار رکھا گیا ہے۔

‏ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کپتان برقرار رکھ کر ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس اعتماد سے ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، بورڈ کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گی۔ 

بسمہ معروف نے کہا کہ ٹیم کی قیادت کرنا ہمیشہ ایک اعزاز رہا ہے، کوشش ہو گی کہ ٹیم کو مزید بہتری کی طرف لے کر جاؤں اور ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل ہو، نئی کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ ملنا خوش آئند ہے، اس سے دیگر کھلاڑیوں کی حوصلہ افرائی ہو گی اور وہ متحرک ہوں گی، عمیہ سہیل اور انعم امین کو سینٹرل کنٹریکٹ ملنے کی خوشی ہوئی۔

‏ بسمعہ معروف نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایمرجنگ کیٹیگری بھی متعارف کرائی گئی ہے جو کہ قابل ستائش ہے، اس سے نئی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو گی اور نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا۔

‏سینٹرل کنٹریکٹ میں پہلی مرتبہ شامل ہونے والی عمیمہ سہیل کا کہنا ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ ملنے کی خوشی ہو ئی ہے، اب مزید بہتر پرفارم کرنا ہے اور  پاکستان کا نام روشن کرنا ہے، دعا ہے کہ حالات اچھے ہوں اور کھیلوں کی سرگرمیاں جو معطل ہیں وہ شروع ہوں اور ہم ایک بار پھر میدان میں ایکشن میں ہوں اور پاکستان کے لیے کھیلیں۔

‏انعم امین نے بھی سنٹرل کنٹریکٹ میں جگہ بنائی ہے جس کے بعد انہوں نے اپنے لیے اہداف مقرر کر لیے ہیں، انعم امین کہتی ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی میں ان کی پرفارمنس اچھی رہی ہے، اب کوشش ہو گی کہ ون ڈے کرکٹ میں بھی اچھا کھیلوں اور ٹیم میں اپنی جگہ مستقل کروں، پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ دینے سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

‏ پہلی مرتبہ متعارف کرائی جانے والی ایمرجنگ کیٹیگری میں 9 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جس میں کائنات حفیظ بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ 

کائنات حفیظ کا کہنا ہے کہ ایمرجنگ کیٹیگری کے اعلان سے بڑی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، اب نئی کھلاڑی مزید آگے آئیں گی، محنت جاری رکھوں گی، توقعات پر بھی پورا اتروں گی کیونکہ ٹیم میں مستقل جگہ بنانا ہدف ہے۔

مزید خبریں :