14 جون ، 2020
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2020-21 کے بجٹ میں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے لیے ترقیاتی فنڈز مختص کرلیے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق گرین لائن بس منصوبےکے لیے 11 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بجٹ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ گریٹرکراچی واٹر سپلائی اسکیم کے لیے 2 ارب 35 کروڑ 70 لاکھ روپے، منگھوپیر سے بنارس سڑک کی تعمیرنو کے لیے 65 کروڑ روپے جب کہ نشتر اور منگھوپیر سڑک کی تعمیرنوکے لیے 35 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
بجٹ دستاویز کے مطابق کے ایم سی فائر فائٹنگ سسٹم کی بحالی کے لیے 38 کروڑ 40 لاکھ روپے، ملیر لنک روڈ کے اوپر انٹرچینج کی تعمیر کے منصوبے کے لیے 50 کروڑ روپے اور ملیر بند کے اوپر سڑک کی تعمیر کے لیے 4 کروڑ 40 لاکھ کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
بجٹ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ضلع شرقی کے پانی، نکاسی آب، سڑکوں کی تعمیر کے لیے 21 کروڑ 79 لاکھ روپے، ضلع کورنگی کے پانی، نکاسی آب، سڑکوں کی بہتری کے لیے 6 کروڑ 23 لاکھ روپے اور ضلع وسطی کی مختلف یونین کونسلز کے پانی، نکاسی آب، سڑکوں کے لیے ایک ارب 32 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ضلع جنوبی اور غربی کی مختلف یوسیز کے پانی، نکاسی آب اور سڑکوں کیے لیے 98 کروڑ 66 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت مالی سال 2019-20 میں کے پہلے 10 ماہ کے دوران کراچی کی کئی وفاقی ترقیاتی اسکیموں کیلئے ایک پائی بھی جاری نہ کرسکی تھی۔
دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ جولائی تا اپریل کے دوران وزیراعظم سندھ پروگرام کیلئے کوئی فنڈز جاری نہیں کیے گئے جب کہ اس منصوبے کیلئے 4 ارب 40 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔