کراچی میں کورونا کیسز میں اضافہ: رواں سال مویشی منڈیاں نہ لگنے کا امکان

کراچی میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد رواں سال عید الاضحیٰ پر مویشی منڈیاں نہ لگنے کا امکان ہے۔

محکمہ بلدیات سندھ نے محکمہ داخلہ کو مویشی منڈیوں کے اجازت نامے منسوخ کرنے کے لیے خط لکھا ہے جس کے متن کے مطابق کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں اور ایسی صورتحال میں مویشی منڈیاں کھولنا خطرناک ہوگا۔

محکمہ بلدیات کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ نے ضوابط کے تحت مویشی منڈیاں کھولنے کے لیے 2 جون کو خط لکھا تھا اور 3 جون کو ضابطہ کار جاری کرتے ہوئے منڈیاں لگانے کی اجازت دی تھی لیکن اب صورتحال سنگین ہوگئی ہے لہٰذا ہم نے اجازت نامہ منسوخ کردیا ہے۔

خیال رہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر بھر میں مویشی منڈیاں لگائی جاتی ہیں جس کی اجازت حکومت سندھ کی جانب سے دی جاتی ہے۔

دوسری جانب شہر میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور کراچی میں اب تک مہلک وائرس سے 665  سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ شہر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 41 ہزار سے زائد ہے۔

مزید خبریں :