16 جون ، 2020
کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے لاہور کے کچھ علاقے آج رات 12 بجے سے سیل کردیے جائیں گے۔
لاہور میں کورونا سے اموات اور متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث صوبائی حکومت کی جانب سے کئی علاقوں کو سیل کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کورونا سے متاثرہ علاقوں کو رات 12 بجے مکمل طور پر سیل کردیا جائے گا جہاں صرف اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھولنے کی اجازت ہوگی۔
سیل کیے جانے والے علاقوں میں ڈی ایچ اے فیز ایک کے تمام سیکٹرز، عسکری 10 کا علاقہ، ڈی ایچ اے فیز 5 کے تمام سیکٹرشامل ہیں۔
جوہرٹاؤن کا بی بلاک، ایف 2 بلاک، جے2 بلاک، جی 3 بلاک اور کینال ویو سوسائٹی بی بلاک بھی سیل کیا جائے گا۔
گلبرگ بی 1 بلاک، بی2 بلاک، بی 3 بلاک مکمل سیل کیے جائیں گے جب کہ داروغہ والا میں سراج پورہ، بلال کالونی، جلوموڑ، دھوبی محلہ، پی او بکس باٹا پور، اے بلاک، بسم اللہ ہاؤسنگ اسکیم سیل کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ بھی لاہور کے متعدد علاقوں کو سیل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ سب سے زیادہ آبادی والے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس سے اب تک 400 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 28177 ہے۔
صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی مجموع تعداد 55 ہزار سے زائد ہے اور ہلاکتیں 1081 ہیں۔