سندھ میں ایک دن میں سب سے زیادہ 48 ہلاکتیں، اموات کی مجموعی تعداد 3165 جبکہ مریضوں کی تعداد 163189تک پہنچ گئی
18 جون ، 2020
ملک میں کورونا سے مزید 131 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 3165 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 163189 تک پہنچ گئی ہے۔
اب تک پنجاب میں کورونا سے 1202 اور سندھ میں 964 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 773 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 99، اسلام آباد میں 94، گلگت بلتستان میں 18 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 15 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
آج بروز جمعرات ملک بھر سے کورونا کے مزید 5402 کیسز اور 131 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں پنجاب سے 1899 کیسز اور 53 ہلاکتیں، سندھ سے 2286 کیسز اور 48 اموات، خیبر پختونخوا سے 569 کیسز اور 18 اموات، اسلام آباد 395 کیسز 4 ہلاکتیں، بلوچستان سے 204 کیسز 6 اموات ، آزاد کشمیر سے 37 کیسز اور 2 ہلاکتیں اور گلگت بلتستان سے 12 کیسز سامنے آئے۔
پنجاب سے آج کورونا کے مزید 1899 کیسز اور 53 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مطابق صوبے میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 60138 اور اموت 1202 تک جا پہنچی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا سے 17825 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا کے مزید 395 کیسز اور 4 اموات سامنے آئیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔
پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 9637 ہو گئی ہے جب کہ انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 94 ہو چکی ہے۔
اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 2439 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
آزاد کشمیر سے آج کورونا کے مزید 37 کیسز اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔
آزاد کشمیر میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 740 ہوگئی ہے اور اموات کی تعداد 15 ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 302 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
سندھ سے جمعرات کو 2286 کیسز اور 48 اموات رپورٹ ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کی گئی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے میں کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 62269 اور اموات 964 ہوگئی ہیں۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ آج صوبے میں 48 مریض انتقال کرگئے جو اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
جمعرات کو خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 18 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 773 تک جاپہنچی ہے۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 569 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 20182 ہوگئی ہے۔
صوبے میں اب تک 5441 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
بلوچستان میں بھی جمعرات کے روز مزید 204 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جب کہ مزید 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
صوبے میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں تعداد 99 اور مجموعی کیسز 8998 تک پہنچ گئے ہیں۔ بلوچستان میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 3140 ہے۔
گلگت بلتستان میں جمعرات کو مزید 12 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 1225 ہو گئی ہے۔
گلگت میں کورونا سے مجموعی ہلاکتیں 18 ہوگئی ہیں جب کہ اب تک 794 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔