پاکستان

آٹا چینی بحران پر ہٹائے گئے ہاشم پوپلزئی کو پھر نیا عہدہ دے دیا گیا

ہاشم پوپلزئی کو ایم ڈی پیپرا تعینات کرنے کا فیصلہ واپس لے کر انہیں وفاقی سیکرٹری برائے وزارت اوورسیز ڈویژن لگادیا گیا ہے— فوٹو: فائل

 آٹا و چینی بحران پر ہٹائے گئے وفاقی سیکرٹری فوڈ ہاشم پوپلزئی کو منیجنگ ڈائریکٹر پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) تعینات کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے 29 مئی کو ہاشم پوپلزئی کو ایم ڈی پیپرا لگانے کی سرکولیشن کےذریعے منظوری لی تھی، جیو نیوز نے آٹا بحران کی رپورٹ پر معطل سیکرٹری کو 3 سال کیلئے ایم ڈی پیپرا کا عہدہ دینے کی خبر دی تھی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بعض ارکان نے ہاشم پوپلزئی کی ایم ڈی کےعہدے پر تعیناتی پر اعتراضات اٹھائے تھے۔

علاوہ ازیں آٹا اسکینڈل کی تحقیقات مکمل ہونے سے قبل ہی وزیراعظم آفس نے ہاشم پوپلزئی کو دوبارہ نیا عہدہ دےدیا اور انہیں وفاقی سیکرٹری برائے وزارت اوورسیز ڈویژن لگادیا گیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ہاشم پوپلزئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

خیال رہے کہ 4 اپریل کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے آٹا و چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لائی گئی تھی۔

رپورٹ سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کابینہ میں دیگر تبدیلیوں کے ساتھ وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک اور تحقیق خسرو بختیار کا قلمدان تبدیل کرکے انہیں وزارت اقتصادی امور دے دی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے سیکرٹری فوڈ ہاشم پوپلزئی کوذمہ دار قرار دے کرفوری ہٹانے کی سفارش کی تھی۔

وزیراعظم نے رپورٹ کے بعد ہاشم پوپلزی کو بھی سیکرٹری فوڈکےعہدے سے ہٹا دیا تھا اور عمر حمید کو ان کی جگہ تعینات کیا تھا۔

مزید خبریں :