پاکستان

کراچی: لیاقت آباد میں احساس پروگرام کے دوران دستی بم حملہ، ایک شخص جاں بحق

کراچی:  لیاقت آباد میں کورونا لاک ڈاؤن متاثرین کو رقوم دینے کے سرکاری احساس پروگرام میں بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راو کے مطابق لیاقت آباد نمبر 10 میں واقع ریاض گرلز کالج میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری وفاقی حکومت کے احساس پروگرام میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے مستحقین کو رقوم دی جا رہی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ  آج صبح 11 بج کر 40 منٹ پر نامعلوم ملزمان فلائی اوور کے اوپر سے گرلز کالج کے گیٹ پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں خوفناک دھماکہ ہوا اور وہاں موجود افراد زخمی ہوئے۔

اسسٹنٹ پولیس سرجن عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر محمد سلیم کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ 6 افراد زخمی ہوئے۔

 دھماکے میں  زخمی ہونے والوں میں 26 سالہ محمد سلیم، 40 سالہ روشن علی، 29 سالہ ذیشان، 28 سالہ فیضان منظور، 50 سالہ نارائین کان جی اور 50 سالہ صابر حشمت شامل ہیں۔

 دھماکے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت کاشف کے نام سے ہوئی ہے جو ناظم آباد کا رہائشی تھا جس کی عمر 25 سال ہے۔

ایس ایس پی عارف اسلم راؤ کے مطابق جہاں بم حملہ کیا گیا اس مقام کے اندر احساس پروگرام کا کیمپ ہے جب کہ کالج کے گیٹ کے آس پاس رینجرز اور پولیس کی موبائلیں ڈیوٹی سرانجام دیتی ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کرکے شواہد جمع کیے جب کہ واقعہ کی چھان بین کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :