دنیا
Time 20 جون ، 2020

سعودی عرب کا ملک بھر میں کرفیو ختم کرنے کا اعلان

سعودی وزارت داخلہ نے آج اتوار کی صبح سے ملک کے تمام شہروں میں کرفیو ختم اور معمولات زندگی بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی  وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق اتوار 21 جون کی صبح  6 بجے سے لاک ڈاؤن مکمل طور پر ختم ہوجائے گا اور معمولات زندگی بحال ہوجائیں گے  تاہم حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق حجام کی دکانوں اور  بیوٹی پالرز پر عائد پابندیاں  بھی ختم کردی گئی ہے اور 21 جون سے سب کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق عمرہ اور زیارت معطل رہیں گے  جب کہ  بین الاقوامی پروازوں کے  ملک میں داخلے پر پابندی کے ساتھ ساتھ 50 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی تاحکم ثانی برقرار رہے گی۔

وزارت داخلہ  کی جانب سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے  حوالے سے   اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر مقررہ سزائیں بھگتنا ہوں گی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سعودی حکومت نے 23 مارچ سے جزوی کرفیو کا اعلان کیا تھا جس کے بعد  31 مئی سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن نرم کردیا گیا اور ضابطہ کار کے ساتھ مساجد میں با جماعت نمازوں کی ادائیگی کی بھی اجازت دے دی گئی ہے جب کہ سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین بھی کاموں پر واپس آچکے ہیں۔

خیال رہے کہ  سعودی عرب میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  3941 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 46 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

سعودی عرب میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی کل تعداد ایک لاکھ 54 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 1230 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :