Time 05 مارچ ، 2020
دنیا

کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات، مطاف خالی کروالیا گیا

سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے باعث حرم شریف میں مطاف کے حصے میں طواف کا سلسلہ عارضی طور پر رک گیا۔

سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حرم شریف میں زائرین کو کورونا سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنانے کی خاطر صفائی کی گئی اور جراثیم کش ادویات ڈالے گئے جس کی وجہ سے صحن شریف میں طواف کا عمل روک دیا گیا۔

عمرہ زائرین کو بالائی منزلوں پر منتقل کرکے مطاف خالی کروالیا گیا ہے، حرم کے صحن میں طواف رُک گیا ہے تاہم بالائی منزلوں پر طواف جاری ہے۔

حرمین پریزیڈینسی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’عارضی پابندی کے دوران خانہ کعبہ اور صحن میں طواف پر پابندی ہوگی، حرمین میں نمازوں کی ادائیگی صرف اندر ہی کی جائیگی،عارضی پابندی کے دوران صفا، مروہ کے درمیان سعی بھی معطل رہے گی‘۔

حرمین پریزیڈینسی کے مطابق احرام پہنے زائرین کی مسجد الحرام کے صحن میں داخلے پر پابندی ہوگی، حرمین شریفین میں اعتکاف، آرام، غذائی اشیاء لانے پر پابندی ہوگی، آب زم زم کی سبیلوں کو بھی بند کردیا جائے گا۔

حرمین پریزیڈینسی کے مطابق مسجد نبویﷺ کا پرانا حصہ بشمول روضہ پاک ﷺ اورجنت البقیع کو بند کردیا گیا ہے، حرمین شریفین کے بند حصوں میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے جاری رہے گا‘۔

حرمین شریفین پریزیڈنسی کے مطابق 1979 میں حرم شریف پر قبضے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ طواف کا عمل روکا گیا ہے۔

حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معتمرین کی صحت عامہ اور رمضان المبارک اور موسم حج میں زائرین و حجاج کو کسی بھی متعدی امراض سے محفوظ رکھنے کیلئے عمرہ زائرین پر پابندی تاحکم ثانی جاری رہے گی۔

ادھر  مسجد نبوی ﷺ میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری سے روکنے کیلئے داخلی دروازہ "باب السلام" بند کر دیا گیا ہے، زائرین صحن حرم میں عبادتوں اور سلام پڑھنے میں مصروف رہے۔

یاد رہے سعودی وزارت داخلہ نے گزشتہ روز اپنے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے بھی عمرہ ادا کرنے اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت پر پابندی عائد کردی تھی۔

اس سے قبل سعودی حکومت بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین اور سیاحوں پر بھی پابندی عائد کردی تھی جس کا مقصد مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنا اور زائرین کے جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے آج مزید 3 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مملکت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :