دنیا
Time 21 جون ، 2020

صدر ٹرمپ سابق قومی سلامتی مشیر جان بولٹن کی کتاب شائع ہونے سے روکنے میں ناکام

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے سابق قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کی کتاب شائع ہونے سے روکنے میں ناکام ہوگئے۔

 عدالت نے کتاب چھپنے سے روکنے کے لیے دائر محکمہ انصاف کی درخواست رد کر دی جس پر صدر ٹرمپ نے ردِعمل میں کہا کہ بولٹن کو اب خمیازہ بھگتنا ہو گا۔

وفاقی جج نے ریمارکس دیے کہ قومی سلامتی کے سابق مشیر نے اپنی کتاب کے مندرجات میں قومی سیکیورٹی پر جوا کھیلا ہے  اور اب ان کے خلاف مجرمانہ قانونی چارہ جوئی بھی ممکن ہے۔ 

اس کتاب میں جان بولٹن نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے دوبارہ الیکشن جیتنے کے لیے چین کے صدر کی منتیں کی تھیں۔ 

ٹرمپ انتظامیہ کا مؤقف تھا کہ جان بولٹن نے بعض خفیہ معلومات بھی کتاب میں شائع کی ہیں جن سے قومی سلامتی کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ 

جج نے کہا کہ اشاعت روکنے کا وقت گزر چکا ہے کیونکہ کتاب کی لاکھوں کاپیاں مارکیٹ میں اور نیوز رومز میں آچکی ہیں، جو نقصان ہونا تھا ہو گیا۔

صدر ٹرمپ نے ردِعمل میں کہا کہ بولٹن کو اب بھاری قیمت چکانا ہوگی جیسے ان سے پہلے افراد کو چکانا پڑی تھی کیونکہ یہ بولٹن کے خلاف عدالت کی فتح ہے۔

 صدر ٹرمپ نے کہا کہ بولٹن دوسروں پر بم گرا کر مارتے تھے اب ان پر بم گریں گے، جان بولٹن کے خلاف سول مقدمہ ابھی دائر نہیں کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :