کورونا کیلکولیٹر: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کتنی ہو سکتی ہے؟

پاکستان میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کورونا وائرس تیزی سے پھیلا ہے اور  اب تک  ایک لاکھ 80 ہزار  سے زائد افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

اس صورتحال میں حکومت ٹیسٹوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ اسپتالوں میں دستیاب علاج کی سہولیات کو بھی بڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

ماہرین صحت کا خیال ہے کہ پاکستان میں کورونا کے مریضوں کے تعداد حکومت کے پاس موجود اعداد و شمار سے بہت زیادہ ہے کیونکہ بہت سے مریض ایسے بھی ہیں جن میں کورونا علامات موجود نہیں ہیں مگر ان میں وائرس موجود ہے۔

اسی لیے ملک میں اس وقت مریضوں کی اصل تعداد کا اندازہ لگانا کافی مشکل ہے۔

مندرجہ ذیل انٹریکٹیو ماڈل پاکستان کی کل آبادی میں متاثرہ مریضوں کی شرح کے لحاظ سے یہ بتاتا ہے کہ ملک میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے کتنے کیسز ہو سکتے ہیں۔

کیلکولیٹر لوڈ ہونے میں چند لمحوں کی تاخیر ہو سکتی ہے

نوٹ: اس کیلکولیٹر کے ذریعے لگائے گئے اندازوں کامکمل طور پر درست ہونا ضروری نہیں ہے۔ جیو نیوز قارئین کی جانب سے منتخب کردہ تناسب کی بنیاد پر اخذ کیے گئے نتائج کے درست ہونے کی کوئی ذمہ داری نہیں لیتا ہے۔

آپ خود اس کیلکولیٹر کے ذریعے متاثرہ افراد یعنی مریضوں کا تناسب کم یا زیادہ کرکے یہ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ پاکستان کے دیہی یا شہری علاقوں میں اس کا کتنا اثر ہو گا اور وہاں مریضوں کی تعداد کتنی ہو سکتی ہے۔

اہم مفروضات

اس ماڈل کے لیے پاکستان کی آبادی 21 کروڑ 20 لاکھ تصور کی گئی ہے جس میں 62 فیصد کو 18 سال سے زیادہ عمر کا تصور کیا گیا ہے۔

تصور بھی یہی کیا گیا ہے کہ یہ افراد (یعنی 18 سال سے زائد عمر کی آبادی) کو کورونا وائرس لاحق ہونے کا سب سے زیادہ خطرہ ہے جب کہ نتائج کو آسان بنانے کے لیے صفر سے 18 سال عمر کے گروپ کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔

اسی طرح ملک کی کل آبادی میں شہری آ بادی کا تناسب 36.4فیصد جب کہ دیہی آبادی کا تناسب 63.6 فیصد رکھا گیا ہے۔

اس ماڈل کے تحت شہری علاقوں میں انفیکشن کا تناسب (ڈیفالٹ) 10 فیصد جب کہ دیہی علاقوں میں 3.5 تصور کیا گیا ہے۔یعنی یہ تصور کیا گیا ہے کہ شہروں میں ہر 10 میں سے ایک شخص کو کورونا وائرس لگنے کا خطرہ ہے جب کہ دیہی علاقوں میں ہر 30 میں سے ایک شخص اس وائرس سے متاثر ہو سکتا ہے۔

شہروں میں وائرس لگنے کا تناسب اس لیے زیادہ رکھا گیا ہے کیونکہ لوگ زیادہ قریب رہتے ہیں یا گنجان آباد علاقوں میں بستے ہیں اوراس لیے وہاں وائرس پھیلنے کے امکانات زیادہ ہیں۔

مندرجہ بالا تناسب پر اگر یقین کیا جائے تو پاکستان میں مجموعی طور پر 77 لاکھ 10 ہزار افراد اس وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ نمبر صرف اندازوں پر مشتمل ہے اور ہرگز کورونا وائرس کے اصل کیسز کی تعداد کے طور پر نہ لیا جائے۔

مزید خبریں :