22 جون ، 2020
معروف ٹی وی اداکارہ روبینہ اشرف کا کوروناوائرس کا ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔
اداکارہ کے شوہر طارق مرزا نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ روبینہ اشرف کورونا سے صحت یاب ہوگئی ہیں تاہم فی الحال وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
طارق مرزا کے مطابق روبینہ اشرف کمزوری کے باعث مکمل صحت یابی تک اسپتال میں ہی رہیں گی۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں روبینہ اشرف میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے گھر میں خود ساختہ تنہائی اختیار کرلی تھی۔
بعد ازاں انہیں حالت بگڑنے پر کلفٹن کے نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا، ذرائع کے مطابق سینیئر اداکارہ کو کورونا کے باعث سانس لینے میں مشکل کا سامنا تھا۔
خیال رہے کہ روبینہ اشرف سمیت شوبز سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوچکی ہیں جن میں اداکارہ سکینہ سموں، ٹی وی میزبان ندا یاسر اور ان کے شوہر اداکار یاسر نواز ، ٹی وی میزبان و اداکار واسع چوہدری سمیت علیزے شاہ اور اداکار نوید رضاشامل ہیں۔