Time 26 جون ، 2020
پاکستان

وفاق مدد کیلئے تیار لیکن کے الیکٹرک کا سسٹم مزید بجلی لینے کے قابل ہی نہیں

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کراچی میں لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لیے کے الیکٹرک کو مزید 500 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی۔

ترجمان وزارت توانائی کے مطابق  وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو مزید 500 میگاواٹ بجلی فراہم کیلئے تیار ہے لیکن اس کا سسٹم مزید بجلی لینے کی سکت ہی نہیں رکھتا۔

ترجمان نے بتایا کہ  وفاقی کابینہ کراچی کے عوام کی بھلائی کیلئے کے الیکٹرک کو 1100 میگاواٹ اضافی بجلی کی منظوری دے چکی ہے لیکن صورتحال سے ظاہر ہے کہ کے الیکٹرک نے سسٹم کی بہتری کیلئے مناسب اقدامات اور سرمایہ کاری نہیں کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم ڈویژن نے ملکی فرنس آئل میں سے 80 فیصد کے الیکٹرک کو فراہم کرنے کے انتظامات کیے ہیں جب کہ وفاقی حکومت نے 30 ہزار ٹن فرنس آئل فوری طور پر کے الیکٹرک کو فراہم کرنے کے انتظامات بھی کیے ہیں۔

وزارت توانائی کے مطابق وفاقی حکومت کراچی کے عوام کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے ہرممکن مدد کیلئے تیار ہے لیکن کے الیکٹرک کا سسٹم اپ گریڈیشن کے بعد 23-2022  تک اضافی بجلی اٹھانے کے قابل ہوگا۔

خیال رہے کہ کے الیکٹرک نے فرنس آئل اور گیس کی فراہمی کو بہانا بناکر شہر میں گرمی بڑھتے ہی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس سے شہری بے حال ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں :