29 جون ، 2020
امریکی خلائی ادارے ناسا نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک ایسا ہار تیار کیا ہے جو کہ آپ کو چہرے پر بار بار ہاتھ لگانے سے روکے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس ڈیوائس کا نام پلس رکھا گیا ہے جسے ناسا کی جیٹ پروپلسیون لیبارٹری کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔
ناسا کے مطابق جس شخص نے اپنے گلے میں یہ ہار پہن رکھا ہوگا اور وہ جیسے ہی اپنا ہاتھ چہرے کے قریب لے کر جائے گا تو یہ فوراً وائبریٹ ہونے لگے گا جس کی وجہ سے آپ کو فوراً یاد آجائے گا چہرے پر ہاتھ نہیں لگانا ہے۔
اس طرح سے اس ڈیوائس کا استعمال کرنے سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کافی مدد ملے گی کیونکہ ماہرین کی جانب سے بار بار ہاتھ دھونے ےاور چہرے کو نہ چھونے کی ہدایت کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ جیسے ہی کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا تو متعدد ٹیکنالوجی کمپنیوں نے ایسی ڈیوائسز تیار کیں جو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں معاون ثابت ہوئی ہیں۔ٓ