کھیل

قومی کرکٹ ٹیم ووسٹر پہنچ گئی، کھلاڑیوں نے انڈور گیمز کھیل کر وقت گزارا

پاکستانی کھلاڑیوں نے اسنوکر روم کا بھی رخ کیا اور وہاں اسنوکر کھیلی، کچھ کھلاڑی نشانے پکے کرنے کے لیے ڈارٹ پر ہاتھ صاف کرتے دکھائی دیے— فوٹو: جیو نیوز

پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل قرنطینہ اور ابتدائی ٹریننگ کے لیے ووسٹر پہنچ چکی ہے جہاں قومی کرکٹرز نے مختلف انڈور گیمز کھیل کر وقت گزارا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اتوار کو بذریعہ خصوصی پرواز لاہور سے مانچسٹر اور پھر وہاں سے ووسٹر پہنچی جہاں پاکستانی کھلاڑیوں نے پیر کو مختلف انڈور گیمز کھیل کر وقت گزارا۔

پاکستان ٹیم کے اوپنگ بیٹسمین شان مسعود نے فیفا گیم کھیل کر وقت گزارا جب کہ بابر اعظم اور اسد شفیق نے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد کے ساتھ ٹیبل ٹینس کھیلی۔

پاکستانی کھلاڑیوں نے اسنوکر روم کا بھی رخ کیا اور وہاں اسنوکر کھیلی جب کہ کچھ کھلاڑی نشانے پکے کرنے کے لیے ڈارٹ پر ہاتھ صاف کرتے دکھائی دیے۔

انگلینڈ پہنچنے والے کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ بھی کیے گئے جس کے نتائج کل تک متوقع ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز پانچ اگست سے شروع ہوگی۔

پاکستانی کرکٹرز 13 جولائی تک ووسٹر میں قرنطینہ کے بعد ڈربی جائیں گے جہاں ٹیم باضابطہ کیمپ کرے گی جس دوران 2 انٹرا اسکواڈ چار روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف ایک طویل سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم خصوصی پرواز کے ذریعے مانچسٹر پہنچی تھی اور اس اسکواڈ میں 20 کھلاڑی اور 11 ٹیم آفیشلز شامل ہیں۔

مزید خبریں :