30 جون ، 2020
چین نے بھارت کی جانب سے 59 چینی موبائل ایپس پر پابندی کو متعصبانہ اور عالمی تجارتی اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔
نئی دہلی میں چینی سفارت خانے کے ترجمان جی رونگ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ چین کو بھارت کے عمل پرشدید تشویش ہے۔
ترجمان چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ چین ایسے تمام اقدامات کی سخت مخالفت کرتاہے، یہ اقدامات متعصبانہ اور ورلڈٹریڈآرگنائزیشن کےقوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان کے مطابق بھارتی حکومت کا یہ اقدام ای کامرس اور مسابقتی مارکیٹ میں صارفین کے مفادکےخلاف ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے چینی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک سمیت59 ایپلی کیشنز کو بلاک کردیا ہے۔
بھارتی حکومت کی جانب سے چینی اپیلی کیشنز کو بھارتی سالمیت اور سیکیورٹی کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق گزشتہ دنوں لداخ کی گلوان وادی میں چینی فوج کے ہاتھوں بھارتی فوج کی درگت اور اپوزیشن کے سخت ردعمل پر بھارتی حکومت دباؤ کا شکار ہے اور اب بھارت نے عوامی غم و غصہ ٹھنڈا کرنے کے لیے چینی موبائل ایپلی کیشنز پر پابندی عائد کردی ہے۔