پاکستان
Time 01 جولائی ، 2020

راولپنڈی: کورونا کے 8 ہاٹ اسپاٹس سیل کرکے دفعہ 144 نافذ

فوٹو فائل

راولپنڈی: انتظامیہ نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث 8 علاقوں کو سیل کرکے دفعہ 144 نافذ کردی۔

ڈپٹی کمشنر  راولپنڈی  انوارالحق کے مطابق  چیف سیکرٹری پنجاب کو 8 ہاٹ اسپاٹس بند کرنے کی سفارش کی گئی تھی جس کی منظوری کے بعد محکمہ داخلہ نے نوٹفیکیشن جاری کردیا۔

بند ہونے والے علاقوں میں  گلزارقائد، خیابان سرسید، ڈھوک علی اکبر، کوٹھ کلاں،  مورگاہ، تخت پڑی، نرنکاری بازار اور باڑا مارکیٹ شامل ہیں۔

ڈی سی راولپنڈی نے بتایا کہ ہاٹ اسپاٹس علاقوں میں بڑی مارکیٹیں، شاپنگ مالز، ریسٹورینٹس، سرکاری و نجی دفاتربند رہیں گے جب کہ مکینوں کو روز مرہ اشیائے ضروریہ کے حصول کی سہولت ہوگی۔

ان علاقوں میں کریانہ دکانیں، جنرل اسٹورز، آٹا چکیاں، پھل و سبزی کی دکانیں، تندور اور میڈیکل سروسز پیٹرول پمپس صبح 9سے شام 7بجے تک کھلے رہیں گے۔

اس کے علاوہ دودھ، چکن، گوشت، مچھلی کی دکانیں اور بیکریاں صبح 7سے شام 7بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی۔

ہاٹ اسپاٹس قرار دے جانے والے علاقوں میں پبلک، پرائیوٹ ٹرانسپورٹ کےذریعے لوگوں کے آنے جانے پرپابندی ہوگی جب  کہ محدود سفر کے لیے ایک گاڑی میں ایک فرد کو اجازت دی گئی ہے۔

سیل کیے گئے علاقوں میں تمام میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، کلیکشن پوائنٹس، اسپتال اور کلینکس 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔

ڈی سی راولپنڈی کا کہنا تھا کہ یہ  پابندیاں 3 جولائی کی رات 9 بجے تک برقرار رہیں گی۔

مزید خبریں :