Time 01 جولائی ، 2020
پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب نے نجی اسکول میں طالبات کو ہراساں کرنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے نجی اسکول میں طالبات کو ہراساں کرنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے جیو نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے طالبات کو ہراساں کرنے کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی اور سی سی پی او لاہور کو واقعات کی غیر جانبدارانہ انکوائری کا حکم بھی دیا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ طالبات کو ہراساں کیے جانے کے واقعات ناقابل برداشت ہیں لہٰذا ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہراساں کی گئی طالبات کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ  جیونیوز نے گزشتہ روز لاہور کی غالب مارکیٹ کے ایک نجی اسکول میں طالبات کو ہراساں کرنے کی خبر نشر کی تھی۔

معروف نجی انگریزی میڈیم اسکول کی طالبات  اور فارغ التحصیل طلبہ نے استاد سمیت 4 افراد پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا جس پر اسکول انتظامیہ نے چاروں کو ملازمت سے نکال دیا۔

مزید خبریں :