یو اے ای نے بھی پاکستانی پائلٹس کے لائسنس کی جانچ پڑتال کیلئے خط لکھ دیا

ایمریٹس میں کام کرنے والے 50 پاکستانی پائلٹس اور 4 فلائٹ آپریشن افسران کے لائسنس کی جانچ پڑتال کرکے رپورٹ دی جائے: یو اے ای حکام کا خط — فوٹو:فائل 

متحدہ عرب امارات کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ایمریٹس ائیرلائنز میں کام کرنے والے پاکستانی پائلٹس اور  فلائٹ آپریشن افسران کے مشکوک لائسنس کی جانچ پڑتال کے لیے پاکستانی حکام کو خط لکھ دیا۔

متحدہ عرب امارات کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 29 جون کو پاکستانی ڈی جی سی اے اے کو خط تحریر کیا ہے۔ خط کے مطابق ایمریٹس ائیرلائن میں کام کرنے والے پاکستانی پائلٹس اور فلائٹ آپریشن افسران کی تصدیق کی جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سی اے اے پاکستان مشکوک اور جعلی لائسنس سے متعلق بھی وضاحت بیان کرے جب کہ 50 پاکستانی پائلٹس اور 4 فلائٹ آپریشن افسران کے لائسنس کی جانچ پڑتال کرکے رپورٹ دی جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فلائٹ مینٹیننس انجینئرز اور فلائٹ آپریشن افسران کو لائسنس کیسے جاری ہوتاہے، اس کی بھی وضاحت کی جائے کیونکہ فلائٹ سیفٹی کے طور جانچ انتہائی اہم ہے۔

دوسری جانب پاکستانی حکام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے خط پر کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزارت ہوابازی نے 262 مشکوک پائلٹس کی فہرست جاری کی تھی، اس حوالے سے وفاقی وزیر غلام سرور خان کا قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ 148مشکوک لائسنس کی فہرست پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز ( پی آئی اے) کو بھجوادی گئی اور انہیں ہوابازی سے روک دیا گیا ہے، دیگر مشکوک لائسنس والے پائلٹس 100 سےزائد ہیں، ان کی تفصیلات بھی سول ایوی ایشن ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہے۔

غلام سرورخان کا کہنا تھاکہ پی آئی اے میں 28 پائلٹس کی ڈگریاں جعلی ثابت ہوچکی ہیں، حالیہ دنوں میں 4 گھوسٹ پائلٹس فارغ کیے ہیں۔

اس کے بعد گزشتہ دنوں ویت نام کی ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی مشتبہ لائسنس کی اطلاعات کے بعد تمام پاکستانی پائلٹس گراؤنڈ کردیے تھے۔

ویت نام کے ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ویت نام کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 27 پاکستانی پائلٹوں کو لائسنس دیا تھا، جن میں سے 12 کام کررہے تھے جب کہ 15 کے معاہدے ختم ہو چکے تھے یا وہ کورونا کے باعث کام نہیں کر رہے تھے۔

اس کے علاوہ گزشتہ روز یورپی یونین اور برطانیہ نے بھی  پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کی پروازوں پر 6 ماہ کی پابندی عائد کردی ہے۔

مزید خبریں :