Time 02 جولائی ، 2020
پاکستان

'یوٹیلٹی اسٹورز کا سربراہ عمران خان کا دوست ہے، مہنگی چینی سے دوست کو فائدہ پہنچایا گیا'

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے دیگر محکموں کی طرح یوٹیلٹی اسٹورز میں بھی اپنے دوستوں کو لگایا ہوا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے مہنگی چینی خریدکر 50 کروڑ کا فائدہ دوست کو دلوایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شوگر ملز کی جانب سے سستی چینی کی پیشکش کے باوجود یوٹیلٹی اسٹورز کیلئے مہنگی چینی خرید کر 50 کروڑ روپے کا ڈاکہ ڈالا گيا، یوٹیلٹی اسٹورز کا سربراہ عمران خان کا دوست ہے ، یہ یار دوستوں کی حکومت ہے ، احسن اقبال نے بھی عمران خان پر وار کیے اور  کہا کہ ملک کو اتنا نقصان کسی دشمن نے نہیں پہنچایا جتنا اس شخص نے پہنچایا ہے۔ 

اسلام آباد میں احسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ 21 مہینے سے پاکستان میں چینی کا مسئلہ چل رہا ہے، تحقیقاتی  کمیشن کا کام یہ دیکھنا تھاکہ چینی کیوں مہنگی ہوئی،کمیشن نے وہ نہیں کیا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ دوست یاروں کی حکومت ہے،  یوٹیلیٹی اسٹورز کا سربراہ عمران خان کا دوست ہے، شوگر ملوں کی سستی چینی آفر کے باوجود یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے مہنگی چینی خرید کر 50 کروڑ کا ڈاکہ ڈالا گیا،  نیا آرڈر زیادہ قیمت پر دیا گیا جس سے کسی کی جیب میں اضافی رقم گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ شوگر ملوں نے کہا کہ  63 روپے میں چینی نہیں دے سکتے تو پرانے ٹینڈر پر 60 ہزار ٹن کا نیا آرڈر دے دیا گیا، نیا آرڈر زیادہ قیمت پر دیا گیا اوریوٹیلیٹی اسٹورز کے چینی ٹینڈر سے 50 کروڑ کا فائدہ دوست کو دلوایا گیا، چینی کی قیمت 55 روپے ہونی چاہیے جو اس وقت 85 روپے میں مل رہی ہے۔

خیال رہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز نے شوگر ملوں کی طرف سے پیشکش کے باوجود 70 روپےکلو چینی خریدنے کے بجائے مہنگی چینی خرید لی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز نے مجموعی طور پر 78 ہزار میٹرک ٹن چینی 78 روپے33 پیسے فی کلو کے حساب سے خریدی ہے اور شوگرملوں کی طرف سے 70 روپے فی کلو چینی کی پیشکش پر بھی چینی نہیں خریدی گئی۔

ذرائع کے مطابق مہنگی چینی کی خریداری سے حکومت کو 50 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔

مزید خبریں :