Time 04 جولائی ، 2020
پاکستان

حالات بہتر ہوئے تو15 اگست سے اسکولز کھول دیں گے، مراد راس

پنجاب کے وزیر  اسکولز ایجوکیشن مراد راس کا کہنا ہے کہ اگر حالات بہتر ہوئے تو 15 اگست سے اسکول کھولے جاسکتے ہیں۔

مراد راس نے اپنے بیان میں کہا کہ 15 جولائی سے اسکولز کھولنے کی اجازت نہیں دے سکتے،اگر حالات بہتر ہوئے تو 15 اگست سے اسکول کھول دینگے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دم ساری کلاسز لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، پہلےمرحلےمیں ضروری کلاسز لگانےکی اجازت دیں گے، ایک کلاس میں 20 بچوں کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔

غالب مارکیٹ لاہور کے نجی اسکول (ایل جی ایس) میں طالبات کو ہراساں کیے جانے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ معاملے پر متاثر طالبات سے پیر کو ملاقات کروں گا، امید ہے پیر کو طالبات کی جانب سے تحریری درخواستیں آجائیں گی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اسکولز کھولنے کا حتمی فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی سفارش پر وزیراعظم کی سربراہی میں قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کرے گی۔

مزید خبریں :