پاکستان
Time 05 جولائی ، 2020

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں انفیکشن ڈیزیز اسپتال کا افتتاح کردیا

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں 54 بستروں کے متعدی امراض (انفیکشن ڈیزیز) کے اسپتال کا افتتاح کردیا۔

کراچی کے علاقے نیپا کے قریب واقع اسپتال کے دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جلد ہی اس اسپتال کی گنجائش بڑھا کر 200 بستروں تک کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ  پہلے مرحلے میں اسپتال کا بلاک اے اور بی تیار کیا گیا ہے جب کہ بعد میں اسے 400 بستروں تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اسپتال میں 500 ایم اے ایکسرے مشین، موبائل ایکسرے یونٹ اور الٹرا ساؤنڈ مشین لگائی گئی ہیں، یہ ایک اسٹیٹ آف آرٹ کورونا وائرس کے مریضوں کا اسپتال ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اِس وقت اسپتال کے گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کا کام مکمل ہے،  گراؤنڈ فلور پر 8 بستروں پر مشتل ایمرجنسی کی سہولت بھی موجود ہے اور اسپتال میں 16 بستروں کا انتہائی نگہداشت کا شعبہ ( آئی سی یو) بھی قائم کیا گیا ہے جس میں وینٹی لیٹرز کی سہولت بھی موجود ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ  اسپتال میں 34 ایچ ڈی  یو بستروں کا بھی انتظام کیا گیا ہے جب کہ  اگلے 6 ہفتوں میں 23 آئی سی یو بستروں اور 88 ایچ ڈی یو بیڈز   کی سہولت بھی موجود ہوگی۔

مزید خبریں :