05 جولائی ، 2020
جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کبھی میر شکیل الرحمان کو گرفتار کیا جاتا ہے اور کبھی چینل بند کیے جاتے ہیں، اس سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، یہ تو آئینے ہیں، ان آئینوں کو توڑنے کی بجائے اپنے چہرے کے داغ کو صاف کریں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ اچھی حکمرانی اور گڈ گورننس کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور حکومت عوام کے ساتھ انصاف نہیں کر سکی، غریب اور عام پاکستانی کے لیے انصاف نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ڈرگ مافیا، لینڈ مافیا اور چینی مافیا مسلط ہے، ہماری سیاست انہی مافیاز کے ہاتھ میں ہے، یہی مافیاز الیکشن میں سرمایہ کاری کرتے ہیں اور ایک ظالم جاگیر دار جاتا ہے تو دوسرا آ جاتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آج تحریک انصاف کی انتخابی مہم چلانے والے ڈاکٹر بھی پریشان ہیں، جمہوری عمل چلتا رہنا چاہیے، عوام بتدریج بہتری لاسکتے ہیں۔