پاکستان
Time 06 جولائی ، 2020

18 ویں ترمیم پر بیان، چیئرمین این ڈی ایم اے اور پیپلز پارٹی آمنے سامنے

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے انٹرویو پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے کو سیاسی معاملات میں بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے، وہ ایک سویلین ادارے کے باوردی سربراہ ہیں لہٰذا انہیں متنازع بیانات نہیں دینے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم آئین ہے اور وہی آئین جس کے تحت چیئرمین این ڈی ایم اے نے حلف اٹھایا ہے لہٰذا کسی افسر یا ادارے کو آئین پر اعتراض کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ پاکستان مصیبت میں ہے اور پاک فوج نے ہر آفت میں اپنا فرض نبھایا ہے اور امید کرتے ہیں کہ تمام سرکاری ادارےاپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں گے۔

چیئرمین سے منسوب بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا: ترجمان این ڈی ایم اے

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چیئرمین این ڈی ایم اے سے منسوب 18 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے کے مکمل انٹرویو میں سے محض چند مخصوص کلپ سوشل میڈیا پر شیئرکیے گئے، مکمل انٹرویو سننے سے بات کا مطلب واضح ہو جاتی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے نے ڈیٹا کلیکشن میں درپیش مشکلات کے حوالے سے بات کی ہے، انہوں نے کوئی سیاسی یا متنازع بات نہیں کی۔

ترجمان کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے کو آئین پاکستان کے تقدس کا مکمل ادراک ہے۔

مزید خبریں :