07 جولائی ، 2020
مقبوضہ کشمیر میں خودکشی اور فارئرنگ کے واقعات میں بھارتی فورسز کے 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ وادی کے ضلع کلگام میں بھارتی پولیس کا اے ایس آئی ساتھی کانسٹیبل کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جس کے بعد کانسٹیبل نے بھی خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔
کے ایم ایس نے بتایا کہ ضلع بارہ مولا میں بھی بھارتی فوجی نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کرخودکشی کرلی۔
اُدھر قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ضلع پلوامہ میں کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔
بھارتی افواج نے پلوامہ کے علاقے گوسو میں جعلی آپریشن میں گھر گھر تلاشی کے دوران نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کیا۔
دوسری جانب حریت کمانڈر برہان مظفر وانی کی چوتھی برسی کے موقع پر بھارتی فوج کی جانب سے سیکڑوں نوجوانوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔
کے ایم ایس کے مطابق 8 جولائی کو برہان وانی کی چوتھی برسی کے موقع پر وادی میں مکمل ہڑتال ہوگی جب کہ غاصب فوج نے وادی میں مکمل کرفیو نافذ کردیا ہے۔