08 جولائی ، 2020
امریکا نے عالمی ادارہ صحت سے باضابطہ طورپر دستبردار ہونےکے لیے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کو نوٹس بھیج دیا۔
اس حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہےکہ دستبرداری کے لیے ایک سال پہلے نوٹس دیا جاتا ہے اس لیے امریکا 6 جولائی 2021 تک ڈبلیو ایچ او سے علیحدگی اختیار نہیں کرسکتا۔
بعدازاں وائٹ ہاؤس نے بھی عالمی ادارہ صحت سے باضابطہ طورپر دستبردار ہونے کے لیے بھیجے جانے والے نوٹس کی تصدیق کردی۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس پھیلانے کا الزام چین پر عائد کیا ہے اور ساتھ ہی ان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے عالمی ادارہ صحت عالمگیر وبا کے حوالے سے اپنے بنیادی فرائض سرانجام دینے میں ناکام رہا ہے۔
یہی وجہ تھی کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی فنڈنگ کو فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا تھا۔
اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر چین کی معاونت کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکا عالمی ادارہ صحت کو سب سے زیادہ فنڈ دینے والا ملک ہے۔ امریکا نے گزشتہ برس بھی ڈبلیو ایچ او کو 400 ملین ڈالر یعنی 40 کروڑ ڈالر امداد دی تھی جب کہ چین نے سال 19-2018 کے دوران عالمی ادارہ صحت کو 7 کروڑ 60 لاکھ ڈالر فنڈ فراہم کیا تھا۔