08 جولائی ، 2020
کورونا وائرس کے سبب 4 ماہ پانچ دن کے بعد انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے کرکٹرز آج سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ایکشن میں ہیں۔
ساؤتھمپٹن میں انگلش کپتان بین اسٹوکس اور ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر ٹاس کے لیے آئے تو سکہ ہوا میں اُچھلا اور میچ ریفری نے بتایا کہ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت لیا ہے۔
پھر حسب عادت دونوں کپتانوں نے ہاتھ بڑھائے مگر ایس اوپیز کا خیال کرکے رُک گئے اور پھر زور سے ہنسے۔ اس دلچسپ صورتحال کو ٹی وی پر دیکھ کر شائقین بھی خوب محظوظ ہوئے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وبا سامنے آنے کے بعد یہ پہلی کرکٹ سیریز ہے جو انگلینڈ میں کھیلی جارہی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جاری کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق فیلڈ میں کھلاڑی ایک دوسرے سے جسمانی رابطہ نہیں رکھیں گے، ہاتھ نہیں ملائیں گے، گلے نہیں ملیں گے، تالی نہیں ماریں گے۔
اس کے علاوہ گیند کو تھوک سے چمکانے پر بھی پابندی ہے اور بولرز امپائر کو اپنا سامان بھی نہیں پکڑوا سکیں گے بلکہ اسے باؤنڈری لائن کے باہر رکھیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بھی انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے انگلینڈ میں موجود ہے۔