11 جولائی ، 2020
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے دنیا بھر میں ماسک کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا جب کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان ماسک میں مزید جدت لائی جارہی ہے اور اس حوالے سے اکثر عجیب و غریب واقعات بھی سامنے آرہے ہیں۔
کوئی کورونا سے بچنے کے لیے مگر مچھ اور سانپ کی کھال کے بنے ماسک کا استعمال کر رہا ہے تو کہیں لوگ سونے کا مہنگا ترین ماسک بھی استعمال کر رہے ہیں۔
لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسے ماسک کے بارے میں بتانے والے ہیں جس کو آپ کھا سکتے ہیں، یہ سننا واقعی عجیب لگ رہا ہوگا لیکن حال ہی میں سوشل میڈیا پر 'ماسک کی طرح دکھنے والے پراٹھے' خوب وائرل ہورہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں دارے کے مطابق بھارتی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں ایک ریسٹورینٹ میں 'ماسک پراٹھا' یعنی ماسک کی طرح دکھنے والے پراٹھے مل رہے ہیں۔
اس ریسٹورینٹ میں ماسک کی طرح دکھنے والے 2 پراٹھوں کے ساتھ گریوی 50 روپے میں ملتی ہے جب کہ اس طرح کے پراٹھوں کو بنانے کا مقصد لوگوں کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔
سوشل میڈیا پر 'ماسک پراٹھے' وائرل ہورہے ہیں اور صارفین کی جانب سے آگاہی کے اس نئے انداز کو خوب سراہا بھی جا رہا ہے۔