پاکستان
Time 11 جولائی ، 2020

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کیخلاف نیب انکوائری کا آغاز، ریکارڈ طلب

کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما  و رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے خلاف انکوائری کا آغاز کردیا۔

نیب نے حلیم عاد ل شیخ کے خلاف انکوائری سے متعلق ڈپٹی کمشنر ملیر کو خط لکھ کر 253 ایکڑ سرکاری زمین کی غیر قانونی فروخت سے متعلق ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ حلیم عادل شیخ کے فارم ہاؤسز سمیت دیگر دستاویزات دی جائیں جب کہ اس سے قبل اینٹی کرپشن بھی حلیم عادل شیخ کے خلاف تحقیقات مکمل کر چکا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق حلیم عادل شیخ نے سرکاری زمین کا کمرشل استعمال کیا تھا۔

نیب نے ڈپٹی کمشنر ملیر کو 27 جولائی تک تمام ریکارڈ جمع کروانے کی ہدایت کی ہے جب کہ اینٹی کرپشن سے بھی شواہد طلب کیے ہیں۔

خیال رہے کہ حلیم عادل شیخ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ہیں اور سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 99 کراچی ایسٹ سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :