پاکستان
Time 11 جولائی ، 2020

حکومت کا عوام کو آسان اقساط پر قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ حکومت نے  لوگوں کو آسان اقساط پر قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت  معاشی و اقتصادی تھنک ٹینک کا اجلاس ہوا جس  میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ،  مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین ،گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور سابق سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر تجارت رزاق داؤد کے علاوہ شوکت ترین، سلطان الانااور ڈاکٹر اعجاز نبی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر اقتصادی ترقی کا مؤثر حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے تھنک ٹینک کی جانب سے بینکاری اور شعبہ مالیات، احساس پروگرام کو مزید بہتر بنانے اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو سہولتوں کی فراہم سے متعلق تجاویز کو سراہا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں معاشی نمو کے لیے آؤٹ آف دی باکس حل کی ضرورت ہے، کورونا وائرس نے عالمی معیشت کے ساتھ پاکستان پر بھی منفی اثر ڈالا ہے، حکومت نے پہلے دن سے ہی معیشت اور عوام کو کورونا سے بچانے کا توازن برقرار رکھنے کی حکمت عملی اپنائی۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے غریب طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے امداد فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، احساس پروگرام غربت کے خاتمے کے لیے حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کی مزید مستحقین تک توسیع کی ضرورت ہے۔

تعمیرات کے شعبے کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تعمیرات اور رہائش کے شعبے کے لیے ایک بہترین پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے جس  کا مقصد روزگار کے مواقع اور معیشت کے پہیے کو چلانا ہے اور غریبوں کے لیے سستی رہائش کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔

اجلاس کے بعد مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ تھنک ٹینک کا مقصد مختلف شعبوں کے ماہرین سے مل کر معیشت میں بہتری کے اقدامات کرنا ہے۔

حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ آج بینکنگ اور فنانس سیکٹر کو دیکھا گیا جب کہ لوگوں کو آسان اقساط پر قرضے فراہم کرنے اور سبسڈیز کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ تعمیراتی شعبے میں لوگوں کو مراعات دینے کے فیصلے کو عملی جامہ پہنایا جائے گا، وزیراعظم نے ضرورت مندوں تک ان کا حق پہنچانے کی  ہدایت بھی کی ہے۔

مزید خبریں :