پاکستان
Time 11 جولائی ، 2020

شہباز شریف کا پیٹرول بحران کی تحقیقات مکمل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار

مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے  پیٹرول بحران انکوائری کمیٹی کی تحقیقات مکمل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی ملی بھگت سے پیٹرول کے ذریعے قوم سے اربوں روپے لوٹ لیے گئے اور چینی کی طرح پیٹرول کے مجرم پکڑنے میں بھی حکومت سنجیدہ نہیں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت مافیاز اور مافیاز حکومت کی مدد سے چل رہے ہیں، حکومت میں پیٹرول بحران کے مجرم پکڑنے میں کی جرات و اہلیت ہی نہیں ہے۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ مافیاز کو عوام کو لوٹنے کا لائسنس دے دیا گیا ہے اور ہر شخص محسوس کررہا ہے کہ ملک میں حکومتی عمل داری نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی کھپت کم ہونے سے قیمتیں تاریخ کی کم تریں سطح پر پہنچ گئی تھیں جس کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی گئی تھی تاہم یکم جون سے پیٹرول پمپس سے غائب ہوگیا تھا اور ملک میں پیٹرول کا بحران ہوگیا تھا جس کے باعث  عوام سستے پیٹرول سے مستفید نہ ہوسکے۔

وزیراعظم نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا جس پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی( اوگرا) نے 9 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو بحران کا ذمہ دار قرار دیا جب کہ تین کمپنیوں پر جرمانہ کیا گیا۔

بعد ازاں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکدم 25 روپے فی لیٹر تک  اضافہ کردیا جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرول کی فراہمی بھی معمول پر آگئی۔

مزید خبریں :