ملک میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5257 ہوگئی، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 251005 تک جاپہنچی
12 جولائی ، 2020
پاکستان میں کورونا وائرس نے مزید 87 افراد کی جان لے لی اور 2870 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 251005 ہوگئی ہے جب کہ 5257 افراد اس مہلک وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اب تک پنجاب میں2006 ، سندھ میں 1795 اور خیبر پختونخوا میں 1099 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ اسلام آباد میں 152، بلوچستان میں 126، آزاد کشمیر میں 43 اور گلگت بلتستان میں 36 افراد کا انتقال ہوا ہے۔
اتوار کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 2870کیسز اور 87 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سے سندھ میں 48 ہلاکتیں اور 1713 کیسز، پنجاب میں 21 ہلاکتیں اور 565 کیسز جب کہ خیبرپختونخوا سے 12 ہلاکتیں اور 408 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 96 کیسز اور پانچ ہلاکتیں ، آزاد کشمیر میں 32 کیسز اور ایک ہلاکت جب کہ گلگت بلتستان اور بلوچستان سے 28، 28 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
پنجاب میں کورونا کے565 کیسز اور 21 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن کی تصدیق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے پورٹل پر کی گئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی کُل تعداد 86556 اور ہلاکتیں2006 ہوچکی ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 96 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وہاں مریضوں کی کل تعداد 14 ہزار 23 اور آج 5 مزید ہلاکتوں کے بعد اموات کی تعداد 152 ہوگئی ہے۔
گلگت بلستان میں بھی 26 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وہاں اب تک مریضوں کی تعداد 1658 ہوگئی ہے جب کہ وہاں اموات کی تعداد 36 ہے۔
آزاد کشمیر میں 32 نئے کیسز اور ایک مریض کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر اب تک مجموعی طور پر 1564 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ وہاں اموات کی تعداد 43 ہے۔
اتوار کو بلوچستان سے کورونا کے مزید 28 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 11185 ہوگئی ہے۔
صوبے میں کورونا سے اب تک 126 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں اب تک کورونا سے 7598 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔
اتوار کو سندھ میں کورونا سے مزید 48 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1795 ہوگئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1713 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 105533 تک جاپہنچی ہے۔
صوبے میں صحت یاب مریضوں کی تعداد 61958 ہوگئی ہے جو کہ مجموعی کیسز کا 50 فیصد سے زائد ہے۔
اتوار کو خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے باعث مزید 12 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 1099 ہوگئی۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 408 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 30486 تک پہنچ گئی ہے۔
اب تک صوبے میں 21158 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔