پاکستان
Time 13 جولائی ، 2020

کراچی میں لوڈشیڈنگ پر اسد عمر کی پھر کے الیکٹرک کو وارننگ

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ایک بار پھر کے الیکٹرک کو وارننگ دے دی۔

ایک انٹرویو کے دوران اسد عمر نے کہا یہ نہیں ہوسکتا کہ شہریوں کی جائز ضروریات پوری نہ ہوں اور وفاق دیکھتا رہے، کے الیکٹرک ذمہ داری پوری کرے ورنہ نیپرا کارروائی کرے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ بجلی کمپنی نے اپنا کام نہ کیا تو وفاق اپنا کردار ادا کرے گا، کے الیکٹرک نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو کارروائی ہوگی۔

آج نیپرا کو خط لکھ رہے ہیں: گورنر سندھ 

دوسری جانب گورنرسندھ عمران اسماعیل نے جیو نیوز کے پروگرام 'نیا پاکستان' میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج نیپرا کو خط لکھ رہے ہیں جس کے بعد بجلی کے بلوں میں اوور بلنگ ثابت ہونے پر کے الیکٹرک کو صارفین کے پیسے واپس کرنے پڑیں گے۔

واضح رہے کہ 11 جولائی کو گورنر ہاؤس میں گورنر عمران اسماعیل کی سربراہی میں کراچی میں لوڈشیڈنگ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں کے الیکٹرک کے حکام اور چیئرمین نیپرا بھی شریک ہوئے تھے۔

اسد عمر اور گورنر سندھ نے اعلان کیا تھا کہ 12 جولائی سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کردی جائے گی لیکن ان کے دعوؤں کے برعکس بھی شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں :