Time 13 جولائی ، 2020
کاروبار

آئندہ سال پاکستان کی جی ڈی پی 1.8 فیصد رہنے کا امکان ہے: آئی ایم ایف

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے  ریجنل اکنامک آؤٹ لُک (مستقبل کا علاقائی معاشی منظر نامہ) رپورٹ جاری کردی ہے جس میں  آئندہ سال پاکستان سمیت خطے کی مجموعی پیداوار (جی ڈی پی) 1.8 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق کورونا وائرس کے باعث معاشی غیریقینی صورت حال کا سامنا ہے جس کے  باعث پاکستان سمیت خطے کی جی ڈی پی 1.8 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2021ء میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ منفی 4.6 فیصد تک رہنے کی توقع ہے اور  مہنگائی کی شرح 9.8 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق پاکستان نے لاک ڈاؤن کو نرم کیا ہے، مانیٹری پالیسی کے ذریعے شرح سود میں بھی کمی کی گئی ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ٹیکس وصولیوں کو معطل کیا گیا جب کہ کوروناوائرس پر قابو پانے کے لیے گیس اور بجلی بلوں کی وصولیاں روکی گئی ہیں۔