Time 14 جولائی ، 2020
پاکستان

شوگر ملز ایسوسی ایشن سے جہانگیر ترین گروپ کا خاتمہ

فوٹو فائل

پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق شوگر ملز ایسوسی ایشن سے جہانگیر ترین گروپ کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

سیکرٹری پی ایس ایم اے کے اعلامیے کے مطابق پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے انتخابات میں ایک سال کے لیے تین نئے ایگزیکٹو ارکان کا انتخاب ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق ذکا اشرف پنجاب شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نئے چیئرمین بن گئے اور جہانگیر ترین گروپ کے نعمان احمد خان اب چیئرمین نہیں رہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن میں ایک گروپ پروگریسیو گروپ نے  جہانگیر ترین کے خلاف بغاوت کی تھی۔

 ترجمان پروگریسیو گروپ وحید چوہدری نے ایک بیان میں کہا  تھا کہ موجودہ چیئرمین نعمان احمد خان کو ہٹانے کی جدوجہد کریں گے کیونکہ جہانگیرترین کا اثرورسوخ شوگر انڈسٹری کیلئے نقصان دہ ہے۔

یاد رہے کہ ملک میں گزشتہ عرصے کے دوران چینی بحران کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پر کی گئی تحقیقات میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے انکشاف کیا تھا کہ ملک میں چینی بحران کاسب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا، دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں نے فائدہ اٹھایا۔

ایف آئی اے کی رپورٹ سامنے آنے کے جہانگیر ترین کو چیئرمین ٹاسک فورس برائے زراعت کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا تھا جب کہ ان کے وزیراعظم اور تحریک انصاف سے تعلقات بھی پہلے جیسے نہیں رہے۔

مزید خبریں :