Time 15 جولائی ، 2020
پاکستان

وزیراعظم کے نوٹس کے باوجود کراچی میں بھی آٹے کی قیمت میں اضافہ

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے باوجود پنجاب کے بعد اب کراچی میں بھی آٹے کی قیمت میں اضافہ ہو گیا۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کچھ دیر پہلے ایک پریس کانفرنس میں خبردار کیا تھا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسی اور نااہلی کی وجہ سے گندم کا بحران پیدا ہورہا ہے اور  خیبرپختونخوا اور پنجاب میں گندم کی ذخیرہ اندوزی شروع کردی گئی ہے جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں قیمتیں زیادہ ہونے سےسندھ سے گندم اسمگل ہوگی۔

ترجمان سندھ حکومت نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سندھ میں قیمتیں برقرار رکھنے کےلیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہےہیں تاہم ان کے اس دعوے کے کچھ ہی دیر میں کراچی میں آٹے کی قیمتیں بڑھادی گئیں۔ 

ریٹیل بازار کے مطابق ڈھائی نمبر آٹے کی فی کلو قیمت میں 6 روپے اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد ریٹیل بازارمیں ڈھائی نمبرآٹا 54 روپے کلو ہو گیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع نے بتایا کہ ڈھائی نمبرآٹے کا 50 کلو کا تھیلا 2400 روپےبڑھ کر2700 روپے کا ہوگیا۔

ریٹیل مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ فائن آٹے کی فی کلو قیمت میں بھی 4 روپے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فائن آٹے کی فی کلو قیمت 58 روپے ہوگئی۔

ریٹیل مارکیٹ ذرائع کے مطابق فائن آٹے کا 50 کلو کا تھیلا 2700 روپے سے بڑھ کر 2900 روپے کا ہوگیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب میں کہا تھا کہ پچھلی بار بھی گندم کی قلت کے باعث قیمتیں بڑھی تھیں لیکن اس بار گندم کی قیمتیں بڑھنے نہیں دیں گے، جو بھی اقدامات کرنا پڑے، کریں گے، کسی صورت گندم کی قیمت بڑھنے نہیں دیں گے۔

مزید خبریں :