کھیل
Time 15 جولائی ، 2020

2022 میں ہونے والے یوتھ اولمپکس 4 سال کیلئے ملتوی

ایونٹ 4 سال آگے ہونے سے کئی ایتھلیٹس کا یوتھ اولمپکس میں شرکت کا خواب ٹوٹ گیا— فوٹو:فائل

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے 2022 میں ہونے والے یوتھ اولمپکس کو 4 سال کے لیے ملتوی کردیا۔

یوتھ اولمپکس سمر گیمز ہر 4 سال بعد ہوتے ہیں جس میں 14 سے 18 سال کی عمر کے ایتھلیٹس شرکت کرتے ہیں اور یوتھ اولمپکس کو ایتھلیٹس کے کیرئیر کے آغاز میں اہم سنگ میل سمجھا جاتا ہے۔

تاہم مغربی افریقا کے ملک سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں 2022 میں ہونے والے گیمز کو ملتوی کردیا گیا ہے اور یہ گیمز اب 2026 میں ہوں گے۔

آئی او سی کا کہنا ہے کہ یوتھ گیمز کو موجودہ حالات میں سمر اولمپکس سمیت کئی ایونٹس کے التواء کے پیش نظر آگے کیا گیا ہے، ایونٹ کی تاریخ آگے ہونے کے بعد میزبان ملک، شرکت کرنے والے کھلاڑیوں اورفیڈریشنز کو بھرپور تیاری کا موقع مل جائے گا۔ 

دوسری جانب ایونٹ 4 سال آگے ہونے سے کئی ایتھلیٹس کا یوتھ اولمپکس میں شرکت کا خواب ٹوٹ گیا۔

اس حوالے سے آئی او سی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ انہیں اندازہ ہے کہ اس سے ایتھلیٹس کو مایوسی ہوگی لیکن ان سے اپیل ہے کہ اس فیصلے کے پس منظر کی مجبوریوں کو سمجھنے کی کوشش کی جائے۔

آئی او سی اور سینیگال اولمپکس انتظامیہ نے عزم کا اظہار کیا کہ 2026 میں بھرپور طریقے سے ایونٹ منعقد کیا جائے گا۔ 

واضح رہے کہ 2018 کے یوتھ اولمپکس میں پاکستان کے عنایت اللہ نے ریسلنگ کے مقابلوں میں برانز میڈل حاصل کیا تھا۔

مزید خبریں :