21 جولائی ، 2020
لاہور: کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پنجاب کے چار شہروں کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی، گجرات ، سیالکوٹ اور گوجرانوالا کے زیادہ کورونا کیسز والے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سیالکوٹ میں کلاں لدھڑ اور ٹاؤن غازی پور، واہ کینٹ میں وارڈ 3، وارڈ 8 اوریوسی سرائے کالا میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے جب کہ گجرات میں محلہ کالوپورہ، چاہ ترنگ اورگاوں مدینہ سیداں میں اسمارٹ لاک ڈان لگایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ میں نندی پور، اروپ ٹاؤن اور قلعہ دیدار سنگھ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن والے ایریاز میں اشیاء ضروریہ میسر رہیں گی اور لاک ڈاؤن کا مقصدزیادہ کیسز والے علاقوں سے آمدورفت کو محدودکرنا ہے۔
واضح رہے کہ صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 90444 ہوچکی ہے جب کہ اموات کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔