Time 21 جولائی ، 2020
کھیل

بولنگ کوچ وقار یونس نے محمد عامر کو خبردار کردیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ کوئی بھی کھلاڑی ٹیم کیلئے ناگزیر نہیں، محمد عامر کو دیکھنا ہوگا کہ وہ کہاں کھڑے ہیں تاکہ ان کے مستقبل کے حوالے پلان کیا جا سکے۔

ڈربی سے وڈیو لنک پر میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ جب محمد عامر نے اچانک ریڈ بال کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا توہمیں اچھا اس لیے نہیں لگا کہ ٹیم کو ضرورت تھی ہم نے ناراضی کا اظہار بھی کیا لیکن کسی کے لیے دروازے بند نہیں کیے، محمد عامر وائٹ بال کرکٹ کھیل رہے ہیں تجربہ کار ہیں اس لیے ہمارے پاس موقع بھی تھا اس لیے انہیں بلایا، انہیں بلانے کا مقصد یہ نہیں ہے کہ انہیں بلایا تو کھلائیں گے، کوئی ناگزیر نہیں ہے جو اپنی فارم اور ردہم کی بنیاد پر ٹیم کی ضرورت ہو گا وہی کھیلے گا۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ انگلینڈ میں سب فاسٹ بولر عمدہ بولنگ کر رہے ہیں جو میرے لیے اطمینان کی بات ہے، نسیم شاہ اور شاہین شاہین آفریدی باصلاحیت تو ہیں ہی اب انہیں وکٹ لینے کا فن بھی آ رہا ہے، میرے اور  وسیم اکرم کے ساتھ ان دونوں کو ابھی ملانا قبل ازوقت ہے، کوئی کمنٹ کرنا بھی جلدی ہوگی لیکن دونوں بولروں کی صلاحیتیوں میں شک نہیں وہ تیزی سے سیکھ رہے ہیں۔

وقار یونس نے کہا کہ وہ سب فاسٹ بولرز کو دیکھ کر اپنے اپنے کیرئیر کا آغاز یاد کرتے ہیں، یہی نوجوان فاسٹ بولر مجھے جوان رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اچھا ہے کہ بیک وقت اتنے بولرز اچھی بولنگ کر رہے ہیں اور سب کا دستیاب ہونا پرابلم تو ہے لیکن یہ گُڈ پرابلم ہے۔

وقار یونس نے کہا کہ محمد حفیظ یا شعیب ملک کو ریٹائر ہونے کا مشورہ نہیں دے سکتا کیونکہ میں سلیکشن کمیٹی میں شامل نہیں ہوں، سہولت کار ہوں اپنے تجربے کی بنیاد پر مشورہ دے سکتا ہوں ریٹائر ہونے یا نہ ہونے کا ان کا ذاتی فیصلہ ہے اگر وہ ریٹائر نہیں ہوتے تو پھر کھلانا نہ کھلانا سلیکٹرز نے فیصلہ کرنا ہے۔

بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا کہ ویرات کوہلی کے علاوہ بھی کئی ایتھلیٹس فٹنس میں ٹاپ لیول رکھتے ہیں، ویرات کا لیول بھی اچھا ہے لیکن پاکستان کے کھلاڑیوں نے اس کے معیار تک نہیں پہنچنا بلکہ ان کا اپنا معیار ہے، بابر اعظم سپر فٹ ہے شاہین شاہ آفریدی بھی بہت بہتر ہو رہا ہے دیگر کھلاڑی بھی فٹنس میں شاندار ہیں۔

وقار یونس نے کہا کہ پانچ اگست سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز سے قبل کھلاڑی 100 فیصد تیار ہوں گے سب اعتماد رکھیں سیریز میں انگلینڈ کو چیلنج کریں گے۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ مجھے پہلے لگا کہ بولرز کو تھوک نہ لگانے کی وجہ سے مشکل ہو گی لیکن ایسا نہیں ہوا جس کی وجہ سے میں حیران ہوا ہوں سوئنگ بھی ہو رہا ہے اور کوئی ایشو بھی نہیں۔

مزید خبریں :