21 جولائی ، 2020
اسلام آباد ہائی کورٹ نے صحافی مطیع اللہ جان کو فوری بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے مغوی کے بھائی کی درخواست پر احکامات جاری کیے ہیں۔
عدالت نے سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اور آئی جی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہےکہ مطیع اللہ جان کو بازیاب نہیں کرایا جاسکا تو فریقین کل ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔
درخواست گزار شاہدعباسی نے بیرسٹر جہانگیرجدون کے ذریعے صحافی کی بازیابی کی درخواست جمع کرائی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے جیو نیوز کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر کہا ہے کہ مطیع اللہ جان کا ابھی کچھ پتہ نہیں چلا جب کہ آئی جی اسلام آبادعامر ذوالفقار کا کہنا ہے کہ مطیع اللہ جان کےمبینہ اغوا کامعاملہ زیر تحقیق ہے۔
خیال رہے کہ صحافی مطیع اللہ جان آج اسلام آباد سے لاپتہ ہوگئے ہیں۔
مطیع اللہ جان کی اہلیہ نے بتایا کہ 'میرے شوہر کی گاڑی جی سکس میں اسکول کے پاس کھڑی پائی گئی،مجھے بتایا گیا کہ میرے شوہرکو کچھ لوگ زبردستی اپنے ساتھ لے گئے'۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے مطیع اللہ جان کی ایک ٹوئٹ پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے انہیں توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا اور مطیع اللہ جان کو کل توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ میں پیش ہونا تھا۔