کاروبار
Time 23 جولائی ، 2020

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 15 روز کی بنیاد پر کرنے کی سفارش

اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ماہانہ کے بجائے 15 روز کی بنیاد پر کرنے کے لیے سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھیج دی۔

پیٹرولیم ڈویژن  ذرائع کے مطابق سمری کا مقصد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے تناظر میں مقامی مارکیٹ میں قیمتوں میں توازن قائم رکھنا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیز بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 15روزہ بنیاد پر کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

ذرائع  کے مطابق 15 روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین سے صارفین سمیت کسی اسٹیک ہولڈر پر اضافی بوجھ نہیں پڑے گا اور تیل کی سپلائی بھی مستحکم رہے گی۔

پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ماہانہ بنیاد پر تعین پیٹرول بحران کی بڑی وجہ ہے۔

اس کے علاوہ پیٹرول بحران پر انکوائری رپورٹ کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے جس میں  پیٹرول بحران میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے گٹھ جوڑ کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔

مزید خبریں :