کھیل
Time 24 جولائی ، 2020

ورلڈ کپ اور ایشیا کپ ملتوی لیکن بھارت آئی پی ایل کرانے کیلئے بے تاب

کورونا وائرس کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ایشیا کپ ملتوی کردیے گئے لیکن بھارتی بورڈ رواں برس ہی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کرانے کے لیے بے تاب ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کا خوف پھیلا ہوا ہے اور ایسے میں کھیلوں کے بڑے ایونٹ منسوخ یا ملتوی کردیے گئے ہیں جب کہ کورونا کے باعث پی ایس ایل بھی مکمل نہ ہوسکی اور رواں برس آسٹریلیا میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی ملتوی ہوگیا۔

لیکن بھارتی بورڈ آئی پی ایل کرانے کے لیے بے تاب ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آئی پی ایل 2020کی تاریخوں کو فائنل کرلیا گیا ہے اور اس بار ایونٹ بھارت کے بجائے متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

چیئر مین آئی پی ایل برجیش پٹیل کا کہنا ہے کہ ایونٹ کا آغاز 19 ستمبر کو متحدہ عرب امارات میں ہوگا جب کہ فائنل 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے لیے دبئی، ابوظبی اور شارجہ اہم وینیوز ہیں جہاں میچز کھیلے جائیں گے۔ 

جنوبی افریقا سمیت کئی ممالک کے کرکٹرز بھی آئی پی ایل کھیلنے کو تیار ہیں تاہم سوال یہ ہے کہ کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر اگر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی ہوسکتا ہے تو آئی پی ایل کیوں نہیں؟ 

ایونٹ کے انعقاد سے آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلوں پر سوالات اٹھ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ آئی پی ایل رواں برس 29 مارچ کو شروع ہونی تھی لیکن کورونا وائرس کے باعث لیگ منسوخ کر دی گئی تھی۔

مزید خبریں :