پاکستان
Time 25 جولائی ، 2020

بلوچستان میں توانائی کی قلت پوری کرنے کیلئے اہم منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

فوٹو: فائل

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے میں توانائی کی قلت پوری کرنے کے لیے اہم منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

یہ بات سیکرٹری توانائی بلوچستان شہر یار تاج نے جیو نیوز کے ساتھ اپنی گفتگو میں بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں توانائی کے شعبے کے 67 نئے منصوبوں کے لیے 1642 ملین روپے مختص ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں انرجی پارکس کی تعمیر کے منصوبوں کے لیے زمین کے حصول کا عمل جاری ہے جن میں سبی میں 5000 ایکڑ، نوکنڈی میں ونڈ انرجی پارک کے لیے 10 ہزار ایکڑ، قلعہ سیف اللہ سولر انرجی پارک کے لیے 2000 ایکڑ اور مستونگ، پشین، خضدار، لورالائی، پنجگور اور لسبیلہ میں سولر انرجی پارک کے لیے ایک ایک ہزار ایکڑ اراضی حاصل کی جارہی ہے۔

شہر یار تاج  نے مزید بتایا کہ بلوچستان انرجی کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او کی آسامی جلد عمل میں لائی جارہی ہے جب کہ آئل اینڈ گیس ڈائریکٹریٹ کے قیام کی منظوری ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یورپین یونین پروجیکٹ کی معاونت سے توانائی کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جب کہ اسلام آباد میں محکمہ کا کیمپ آفس قائم کیا جارہا ہے، صوبے میں بجلی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچہ کی مضبوطی کے لیے وفاقی حکومت سے معاونت حاصل کی جائے گی۔

مزید خبریں :