کراچی میں بارش: کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ دھابیجی اورگھارو پمپنگ اسٹیشن پر بجلی بحال ہوچکی ہے،فوٹو:فائل

کراچی میں بارش کےدوران کرنٹ لگنےکے مختلف واقعات میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گلشن حدید فیز 2 میں کرنٹ لگنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا جب کہ لانڈھی قذافی ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے 22 سالہ نوجوان اور گارڈن فوارہ چوک کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

بارش کے بعد شہر میں 550 سے زائد فیڈر متاثر  ہونے سے شہر کے 80 فیصد علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

دھابیجی، گھارو اور پپری پمپنگ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے کراچی کو پانی فراہمی بھی بند ہوگئی ۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ دھابیجی اورگھارو پمپنگ اسٹیشن پر بجلی بحال ہوچکی ہے، تیز ہواؤں اور بارش کے باعث پمپنگ اسٹیشنز  پر بجلی کا معمولی تعطل آیا تھا۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران ان چند علاقوں میں بجلی بند کی ہے جو نشیبی ہیں یا پھر وہاں کنڈے لگے ہیں۔

ترجمان کے مطابق  سڑک پر پانی موجود ہونےکے باعث بجلی کا انفرا اسٹرکچر متاثر ہوتا ہے لہذا حکومتی اداروں سے اپیل ہے کہ نکاسی آب تیزی سے عمل میں لائیں۔

مزید خبریں :